سرینگر//معروف براڈ کاسٹر ، نقاد، قلمکار اور تاریخ دان اوتار کشن رہبر جمعرات کو انتقال کرگئے۔اوتار کشن رہبر کے انتقال پر ادیبوں ،قلمکاروں ،فنکاروں اور ادبی حلقوں نے گہرے صدمے اوررنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران کیساتھ تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ۔ معروف براڈ کاسٹر ، نقاد،قلمکار اور تاریخ دان اوتار کشن رہبر کا انتقال ہوگیا۔انہوں نے 30 جولائی کو نئی دلی کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔اوتار کشن رہبر کی آخری رسومات جمعہ کو نوئڈا میں ادا کی گئیں جہاں وہ آج کل مقیم تھے۔رہبر سرینگر کے فتح کدل علاقے میں 1933 میں پیدا ہوئے تھے۔انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز برن ہال سکول میں استاد کی حیثیت سے کیا اور بعد ازاں انہوں نے ریڈیو کشمیر سرینگر کیلئے سکرپٹ رائٹر کا کام شروع کیا ،جہاںوہ بعد میں اسسٹنٹ پروڈیوسر کے عہدے تک پہنچ گئے۔ وہ اسسٹنٹ ا سٹیشن ڈائریکٹر کے عہدے پر سبکدوش ہوگئے۔اوتار کشن رہبر کئی مشہور پروگراموں کے پیشکار تھے جن میں ’رائے ترائے‘،’رنگ ہا‘ وغیرہ شامل تھے۔انہوں نے ’بڈشاہ‘،’ریہہ تہ آب‘،’اولاد‘ وغیرہ جیسے تاریخی ڈرامہ بھی لکھے ہیں۔وہ کشمیری ادب کی تاریخ’ کاشرِ ادبچ تاریخ‘ کے بھی مصنف ہیں۔جموں کشمیر کلچرل کونسل اور مانسبل ڈراماٹکس نے اوتار کشن رہبر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ادیبوں ،قلمکاروں ،فنکاروں اور ادبی حلقوں نے ان کی موت پر گہرے صدمے اوررنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران کیساتھ تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آنجہانی کی ادب اور تاریخ کے تئیں خدمات نا قابل فراموش ہیں اور اُنکے انتقال سے ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے ،جسے پُر کرنا ناممکن ہے ۔ادھرعبدالرحمن آزادمیموریل فائونڈیشن نے ایک تعزیتی اجلاس میں اوتار کرشن رہبر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔اجلاس میں مقررین نے سورگیہ اوتارکرشن رہبر کی زندگی کے مختلف گوشوں پر سیرحاصل روشنی ڈالی۔اجلاس کے آخرمیں آنجہانی کی یاد میں دومنٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ادھرکانگریس کے ایک سینئر رہنما اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد غلام نبی آزاد نے ایک نامور دانشور اوتار کرشن رہبر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے اوتار کرشن رہبر کو ایک نامور ڈرامہ نویس ، تنقید نگار ،تاریخ دان اور ایک سکالر قرار دیا۔اوتار کرشن رہبر نے طویل عرصہ تک ریڈیو کشمیر سری نگر میں اپنے خدمات انجام دئے اور ریٹائرمینٹ کے بعد اب نوئیڈا میں رہائش پذیر تھے۔ انہوں نے مرحوم کی آتما کی شانتی کی دعا کرتے ہوئے دکھ زدہ کنبہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔نامور کلاکار شمیمہ آزاد نے بھی رہبر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔