کنگن//درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے نالہ سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم)انتظامیہ کنگن نے جمعہ کو قریبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق نالہ سندھ کے آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے چوکس رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو کہا گیا ہے۔کنگن آنے والے سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لئے نالہ سندھ میں نہانے اور تیرنے سے گریز کریں۔ایس ڈی ایم کنگن حکیم تنویر کے ذریعہ جاری کردہ اس ایڈوائزری میں کہا گیاہے’’جیسا کہ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر اریگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول نے اطلاع دی ہے کہ درجہ حرارت میں اضافہ کے پیش نظراوپری علاقوں میںبرف پگھل رہی ہے جس کے نتیجے میں نالہ سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے اور کوئی ناخوشگوار واقع پیش آنے کابھی خدشہ ہیں۔اس صورتحال کے پیش نظر تحصیلدار کنگن اور گنڈ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نمبرداروں اور چوکیداروں سمیت فیلڈ عملے کو ہدایت دیںکہ نالہ سندھ کے پشتوں کے ساتھ آباد لوگوں اور کنگن آنے والے لوگوں کو آگاہ کریں کہ وہ چوکنا رہیں اور اپنی جان ومال کی حفاظت کے لئے نالہ سندھ میں تیراکی سے بھی گریز کریں‘‘۔ حکیم تنویر نے عوام سے کہا ہے کہ وہ نالہ سندھ کے کنارے بیٹھنے اور سیلفی لینے سے بھی گریز کریں ۔ ایس ڈی ایم کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔