جموں //آنیوالے خریف موسم کے دوران بر وقت پانی کی سپلائی یقینی بنانے کیلئے ناظم زراعت پی ایس راٹھور نے محکمہ کے افسروں کی ایک ٹیم کے ہمراہ بشناہ اور چک حاسل علاقوں کا طویل دورہ کرکے رنبیر نہر اور اسکی شاخوں پر ہو رہی صفائی کام کا معائینہ کیا۔انکے ہمراہ چیف انجینئر ونود گپتا، جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت بلیش کمار زُتشی، سپر انٹنڈنگ انجینئر اشونی آنند ،چیف اگریکلچر ا فسر جموں ایس کے لنگر ،ایگزیکٹو انجینئر سریندر ابرول کے علاوہ دیگر اہلکار بھی تھے۔ناظم زراعت نے اس موقعہ پر کسانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے کہا کہ وہ آبپاشی سے متعلق مسائل سے بخوبی واقف ہیںاور کہا کہ نہر کے آخری حصے تک پانی کی بر وقت پانی سپلائی یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔نہر کی صفائی کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے انجینئروں سے کہا کہ وہ نہر سے ملبہ اُٹھانے اور مرمت کے کام میں سرعت لائیں،تاکہ نہر کے لئے پانی جلد ہی چھوڑا جا سکے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ پانی کے رسائو کو دور کرنے کے لئے نہر کی طویل مرمت کی ضرورت ہے۔ جس پر ناظم زراعت نے انجینئروں سے نہر کی مرمت کے لئے جامع DPRs مرتب کرنے کی صلاح دی اور کہا کہ ایک دفعہ جب DPRs مرتب کیا جائے گا تو اسکے لئے فنڈز کی دستیابی کی تلاش کی جائے گی۔