شوپیاں//ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ونیش مہاجن نے میگا فروٹ منڈی اگلر شوپیان کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر نے فروٹ ایسوسی ایشن شوپیاں کے ممبران سے منڈی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی موجودہ صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران کاشتکاروں نے ڈائریکٹر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور فروٹ منڈی سے پھلوں کی نقل و حمل کے لئے میگڈم بچھانے کا مطالبہ کیا۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کاشتکاروں کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو محکمہ سڑکوں کے ساتھ ساتھ فضائی اور ریلوے کے ذریعے وادی سے دیگر ریاستوں میںمیوہ کو بروقت پہنچانے میں ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گا۔ ڈائریکٹر نے ممبروں کو یقین دلایا کہ محکمہ کا مقصد کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی ہے جس کو ہر سطح پر برقرار رکھا جائے گا۔فروٹ ایسوسی ایشن شوپیاں کے صدر محمد اشرف وانی نے میوہ کی نقل و حمل کے بارے میں بروقت رد عمل اور انتظام کے لئے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ کا شکریہ ادا کیا اور منڈی میں جاری تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے پر ڈائریکٹر اور ڈپٹی کمشنر شوپیان سچن کمار کا بھی شکریہ ادا کیا۔