ناظم باغبانی کالاسی پورہ پلوامہ دورہ

 سرینگر // ناظم باغبانی کشمیر اعجاز احمد بٹ نے منگل کو آئی جی سی لاسی پورہ پلوامہ کا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر، چیف ہارٹیکلچر آفیسر پلوامہ کے علاوہ دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے یونٹوں کے کام کا جائزہ لیا ۔ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کے دوران ڈائریکٹر ہارٹی کلچر نے یونٹ ہولڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ عمدہ خدمات کی فراہمی کیلئے باغبانوں کی مدد کریں۔ڈائریکٹر ہارٹیکلچر نے مختلف ترقیاتی کاموں مثلا ًپیکنگ ہاؤسز ، کھاد یونٹوں ، ٹیوب / بور ویلوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے ضلع میں اعلیٰ کثافت والے شجرکاری پروگرام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جبکہ محکمہ کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے ماتحت عملہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ کسانوں کو معیاری پودے لگانے والے مواد کی تشہیر اوراعلیٰ پیداوار والی اقسام کا تعارف کرائیں ۔ڈائریکٹر ہارٹیکلچر نے کسانوں کو مختلف پہلوؤں پر تکنیکی جانکاری فراہم کرنے کیلئے آگاہی کیمپ لگانے کی ہدایات جاری کیں ۔انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ باغات میں ادویات کا چھڑکائو محکمہ کے تال میل سے کریں ۔