بانہال/ / جموں سرینگر شاہراہ پیر کی شام پانچ بجے کے قریب ناشری ٹنل اور پیڑاہ کے درمیان ڈھلواس کے مقام پرشاہراہ کا ایک بڑا حصہ ڈھ جانے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے دوبارہ بند ہوگئی ۔ شاہراہ کے بند ہونے سے جموں اور ادہمپور سے سرینگر کیلئے نکلی ہزاروں گاڑیاں در ماندہ ہو کر رہ گئی ہیں۔ ڈی ایس پی ٹریفک رام بن اجے آنند نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کے روز شاہراہ پر درماندہ ٹریفک کو ہی وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت تھی اور اتوار کے درماندہ ٹریفک نے رام بن سیکٹر پار کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ تاہم بعد میں آنے والا ٹریفک ڈھلواس کے مقام پر سڑک ڈھ جانے کی وجہ سے درماندہ ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح سے رام بن بانہال سیکٹر میں کئی بار پتھروں اور ملبے کے گر آنے کے واقعات کو چھوڑ کر مجموعی طور پر شاہراہ قابل آمدورفت رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران پیر کی شام پانچ بجے کے قریب شاہراہ پر ناشری ٹنل اور پیڑاہ کے درمیان ڈھلواس کے مقام پرسڑک کا ایک بڑا حصہ ڈھ گیا جس کی وجہ سے شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردی گئی۔ انہوں نے کہا سڑک کے مکمل طور سے دھنس جانے کے مقام پر زیر تعمیر فورلین سڑک کی دوسری لین سے ٹریفک کو بحال کرنے کے امکانات پر غور کیا جارہا ہے اور اس کیلئے پہلے اس سڑک کو بہتر کرنے کے اقدامات کرنے ہوں گے۔ ڈھلواس اور ناشری ٹنل کے آرپار اور ادہمپور میں سینکڑوں گاڑیوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا ہے جبکہ ریلوے سٹیشن بانہال، رام بن اور گول وغیرہ کے ٹریفک کو بھی بند کیا گیا ہے۔