سرینگر//ناساز گارموسمی حالات کی پیشن گوئی کے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنرسرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے مختلف محکموں کے آفیسران کی ایک میٹنگ طلب کی اور کسی امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران سپر انٹنڈنگ انجینئر میکنیکل انجینئرینگ نے بتایا کہ اُن کا محکمہ ہمیشہ15نومبر سے 15مارچ تک تیاری کی حالت میں رہتا ہے جس دوران ضلع میں مشینری کو بھی تیار رکھاجاتا ہے۔تیاریوں کی تفصیلات دیتے ہوئے جوائنٹ کمشنر ایس ایس سی نے بتایا کہ شہر سرینگر میں سڑکوں پر سے برف ہٹانے کے لئے 3800افراد متحرک رہیں گے جبکہ 22جے سی بی مشینوں کو بھی کام پر لگایا جائے گا۔ترقیاتی کمشنر نے برف ہٹانے کی مشینوں کو تمام حساس جگہوں پر تیار رکھنے کی ہدایت دی تاکہ ضرورت پڑنے پر اُن کا فوری استعمال کیاجاسکے۔انہوں نے اندرونی سڑکوں اور گلی کوچوں کے علاوہ شہر کے اُن علاقوں سے پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی جہاں شدید بارش اور برفباری کی وجہ سے پانی جمع ہوتا ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ شہر سرینگر میں تمام80ڈی واٹرنگ اسٹیشن اور 15موبائیل پمپ اسٹیشن چالو حالت میں ہیں۔ضلع میںلازمی اشیاء کی سپلائی اور سٹاک پوزیشن کے بارے میں ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ محکمہ کے پاس دو ماہ کے لئے راشن اور ایندھن کا اطمینان بخش سٹاک موجود ہے۔