بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے نارواو علاقے میںکئی واٹر سپلائی اسکیمیں کئی برسوں سے تشنۂ تکمیل ہیں۔ کئی جگہوں پر فلٹریشن پلانٹ اور پائپ لائنیں خستہ ہوچکی ہیں جس کے نتیجے میں علاقے میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کو لیکر سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شیری ،فتح گڈھ ،بدمولہ زوگیار ،زم زم پورہ ،شالٹینگ،ملپورہ ،ہیون ،کچہامہ ،آڈورہ ،گلستان ،پالہ دھجی گوری وان اورڈنگر پورہ کے علاوہ کنڈی سمیت کئی دیہات کے لوگوں نے بتایا کہ و اٹر سپلائی اسکیموں کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوپارہا ہے کیونکہ ان علاقوں میںکئی10 تو کئی15 سال گذرنے کے باوجود بھی واٹر سپلائی اسکیموں کا کام مکمل نہیں ہوپایا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں دس سے پندرہ سال قبل کئی واٹر سپلائی اسکیموں پر کام شروع کیا گیا جن پر کروڑوں روپئے صرف کئے گئے لیکن ابھی تک یہ واٹر سپلائی اسکیمیں مکمل نہیں ہوپائی ہیں جس کی وجہ سے علاقے کے درجنوںدیہات کے لوگ ابھی بھی صاف پانی سے محروم ہیں۔ متاثرہ دیہات کے لوگوں نے گورنر انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں میں واٹر سپلائی اسکیموں کو مکمل ہونے کے معاملے کی تحقیقات عمل میں لاکر ملوثین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔