بارہمولہ // ناروائو بارہمولہ کے ملہ پورہ دیہات کو ضلع انتظامیہ نے منگل کو ریڈ زون قرار دیا، جبکہ اس سے ملحقہ دیگر آٹھ دیہات کو بفرزون میں رکھا گیا ۔ منگل کو دو مذید کمسن بچوں کی ٹیسٹ مثبت آئے ۔ اس طرح علاقے میں کووِڈ- 19 مریضوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ، جو ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جس کے نتیجے میں لوگو ں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔علاقے نارواو بارہ مولہ کے ملہ پورہ دیہات میں 19 اپریل کو ایک پولیس اہلکار کا کووِڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کا رابطہ بڈگام کے ایک پولیس اہلکار سے تھا جس کے بعد محکمہ صحت کی ٹیم نے نشاندہی کرکے مذکورہ اہلکار کے کنبہ اور اس کے خاندان کے 32 افراد کو قرنطینہ میںرکھا ۔ جن میں سے ابھی تک 15 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جو 12 ملہ پورہ اور تین زنڈفرن دیہات کے ہیں، جن میں تین کمسن بچے بھی شامل ہیں ۔ادھر حکام نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت ناروائو کے ملہ پورہ کو ریڈ زون جبکہ ہیون، بُل بُل آباد ،نارا دری ،تاری پورہ ، آڈورہ ،گلستان ،پہلی ہارن اور فتح گڈھ کو بفر زون قرار دیاگیا ،جس کے بعد ان علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کردی گئی۔ لوگوں سے تلقین کی گئی کہ وہ کسی بھی صورت میں گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ ضروریاتِ زندگی کی اشیاء اُن کوگھروں کی دہلیز پر پہنچائی جائے گی لہذا اُنہیں گھروں سے باہر آنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے ناروائو کے جتنے بھی افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں وہ مذکورہ پولیس اہلکار کے ہی رابطے تھے اور ایک ہی خاندان سے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ضلع میں قرنطینہ کی مدت پوری کرنے والے افراد کو گھر جانے کی اجازت دی جارہی ہیں جبکہ جن افراد میں کورونا وائرس جیسی علامات پائی جاتی ہیں اُنہیں فوری طورپر آئسولیشن وارڈ منتقل کیا جاتا ہے۔