ترال// ترال کے دور افتاد علاقے نارستان میں محکمہ جنگلات کی جانب سے وسیع جنگلات کی تار بندی کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ قصبہ ترال سے قریب25کلو میٹر دور نارستان میں محکمہ جنگلات نے وسیع جنگلاتی اراضی کی تار بندی کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کیلئے ٹنڈر وغیرہ جیسے لوازمات بھی پورے کئے گئے ہیں ۔اس دوران سنیچرکے روز ڈی ڈی سی ممبر آری پل ترال منظور احمد گنائی نے نارستان کا دورہ کیا جہاں گوجر بکروال طبقے کے ساتھ ساتھ باقی لوگوں کی ایک بڑی تعداد گھروں سے باہرآئی اور انہیں بتایا کہ تار بندی سے ان کا ذریعہ معاش بڑے پیمانے پر متاثر ہوگا،اسلئے اس قدم کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ لوگوں نے سرکاری فیصلے کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جنگلات کی تا ربندی سے ان کا روز گار کافی حد تک متاثر ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ جنگلات کی پہلے سے ہوئی تار بندی کے باعث وہ جنگلات کے فائدے سے مکمل طور محروم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔اس دوران ڈی ڈی سی ممبر آری پل منظور احمد گنائی نے محکمہ جنگلات کے منصوبے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگل میں رہنے والے لوگوں کوفارسٹ رائٹس ایکٹ کے تحت حقوق فراہم کرنے کے بجائے ان کا روز گار سے محروم کیا جا رہا ہے جس کو کسی بھی طرح برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے اس حوالے سے ایل جی انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔