نئی دہلی /یو این آئی// قومی دارالحکومت دہلی میں ایک 15 سالہ نابالغ لڑکی کو اغوا کرنے اور اسے راجستھان میں 60 ہزار روپے میں فروخت کرنے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔دہلی پولیس نے شالیمار باغ تھانے کے اس معاملے میں دو ملزموں کو گرفتار کیا اور لڑکی کو راجستھان کے سیکر میں ملزم کے چنگل سے آزاد کرایا۔دہلی پولیس کے کرائم برانچ کے جوائنٹ کمشنر آلوک کمار نے اتوار کو بتایا کہ کلیدی ملزم نیرج سونکر دہلی کے حیدر پور کا باشندہ ہے اور راجستھان کا رہنے والا گوپال لال کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ نیرج دہلی کے روہنی سیکٹر 2 کی باشندہ مسکان اورآگرہ-اترپردیش کی رہائشی شیتل کے ساتھ مل کر نابالغ لڑکی کو راجستھان کے گوپال لال کو 60 ہزار روپے میں فروخت کیا۔ گوپال اس لڑکی کی شادی اپنے بہنوئی دنویر عرف دانا سے کرنا چاہتا تھا۔ پولیس نے دو ملزموں کو گرفتار کیا اور گوپال لال سے ایک 15 سالہ لڑکی کو برآمد کیا۔