ابوجا//نائیجیریا میں صدارتی اور عام انتخابات کے دوسرے روز بھی ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے تاہم اس دوران پْر تشدد واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا میں 23 فروری کو ہونے والے صدارتی اور عام انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ ا?ج دوسرے روز بھی جاری ہے تاہم اس دوران ہونے والے فسادات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔دوسری جانب پولیس کا دعویٰ ہے کہ نائیجیریا کی تمام ریاستوں میں حالات کنٹرول میں ہیں اور انتخابی کے عمل کے دوران امن عامہ کی صورت حال کافی بہتر رہی تاہم اس دوران 128 شر پسندوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔نائیجیریا میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں 73 امیدواروں میں سے کانٹے دار مقابلہ موجودہ صدر 76 سالہ محمد ابوبخاری اور 72 سالہ سابق نائب صدر عتیق ابوبکر کے درمیان ہے اور دونوں ہی اپنی کامیابی کا دعویٰ کر رہے ہیں جب کہ ابھی کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی مکمل نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ نائیجیریا میں کئی شدت پسند جماعتیں اور جرائم پیشہ گروہ متحرک ہیں، ا?ئے دن ہونے والوں جھڑپوں کے باعث امن و امان کی صورت حال نہایت مخدوش ہے تاہم کئی بار ملتوی ہونے والے صدارتی اور عام انتخابات کا انعقاد بالا?خر 23 فروری کو ممکن ہوگیا۔