جموں //انجمن امامیہ جموں نے نائیجریا کے عالم دین شیخ ابراہیم زکزکی کی رہائی کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نائیجریا کی حکومت کے اقدامات کی مذمت کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ شیخ زکزکی کو جرم بے گناہی کی سزا دی گئی ہے اور انہیں ایک پرامن احتجاج کے بعد گرفتار کرلیاگیا جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں ان کے حمایتیوں کو قتل کردیاگیا۔انہوں نے کہاکہ عالم دین کو بغیر کسی وجہ کے قید میں رکھاگیاہے جہاں ان کے ساتھ بدترین سلوک کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں طبی خدمت بھی فراہم نہیں کی جارہی اوران کی جیل میں زندگی مشکل سے مشکل تر بنادی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نائیجریا حکومت کے خلاف عالمی براداری اقدامات کرے اور شیخ زکزکی کو فوری طور پر رہا کیاجائے ۔