نائد کھئے شاہ گنڈاورلمبر اوڑی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل | مسافروں اورٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا

سوناواری+بارہمولہ//سوناواری کے علاقہ نائد کھئے سے شاہ گنڈ حاجن اورسرحدی قصبہ اوڑی کے لمبر گائوں کا سڑک رابطہ کھنڈرات میں تبدیل ہونے کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں دقتوں کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شاہ گنڈ کی مقامی آبادی نے بتایا کہ نائد کھئے سے شاہ گنڈ حاجن تک رابطہ سڑک سالوں سے کھنڈرات میں تبدیل ہوجانے سے اس پر سفر کرنا وبالِ جان بنا ہوا ہے۔چار کلومیٹر مسافت والی اس رابطہ سڑک پر جگہ جگہ میکڈم اکھڑ جانے سے سڑک پر بڑے بڑے کھڈ بن چکے ہیںجو بارشیں میں جھیل کی شکل اختیار کرتے ہیں اور دھوپ میں ہر طرف گرد و غبار اڑتا رہتا ہے۔مقامی لوگوں نے سڑک کی خستہ حالی کے بارے میں اگرچہ کئی بار حکام کو آگاہ کیا لیکن حکام نے لیت لعل سے کام لیا جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس سلسلے میں جب محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلی حکام سے رابطہ کیا گیاتو انہوں نے بتایا کہ رواں سال نائد کھئے شاہ گنڈ اور گنڈ بون رابطہ سڑک پلان میں رکھی گئی ہے اورموسم میں بہتری کے بعد اس پر دوبارہ کام شروع کیا جائے گا ۔ادھر سرحدی قصبہ اوڑی کے لمبر گائوں کا رابطہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں مسافروں اور ٹرنسپورٹروں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ مقامی لوگو ں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آج تک اس سڑک رابطے کو نظر انداز کیا گیا جس کے نتیجے میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کوکافی پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ ایک مقامی شہری بلال احمد خان نے بتایا کہ اس سڑک رابطے کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے جبکہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں اور خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے ۔ لوگوں کے مطابق اگر چہ انہوں نے اس خستہ حال سڑک کے بارے میں کئی بار انتظامیہ کی نوٹس میں لیا تھا تاہم بار بار کی یقین دہا ینوں کے باوجود بھی مرمت کے حوالے سے کوئی بھی اقدام نہیں کیا گیا۔ لوگوںنے ضلع انتظامیہ اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک رابطے کی طرف بھی دھیان دیاجائے تاکہ لوگوں کو مشکلات میں مزید اضافہ نہ ہو۔