سرینگر// نیشنل کانفرنس کارگذار صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کے بیان کہ ’کٹھوعہ واقعہ کے حقیقی قصورواروں کا پتہ لگاکر انہیں سزا دی جانی چاہیے‘ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ نے جموں وکشمیر پولیس اور تحقیقات کی نگرانی کرنے والے جموں وکشمیر ہائی کورٹ پر اعتماد کی کمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کھیلنا اور پریشانی میں اضافہ کرنا ان کا وطیرہ ہے۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جمعرات کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کٹھوعہ واقعہ کی تہہ تک جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا ’آٹھ سالہ کمسن بچی کے قتل کا غصہ پوری دنیا میں دیکھا جارہا ہے۔ اس کیس کی تہہ تک جانے کی ضرورت ہے۔ حقیقی قصورواروں کو کڑی سے کڑی سزا ہونی چاہیے‘۔