جموں //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں شہر کا تفصیلی دورہ کر کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت اور مون سون کے پیش نظر مختلف محکموں کی جانب سے تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جموں میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی کہ وہ مون سون کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تیاریاں مکمل کرے تا کہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرینوں اور نالوں کے قریب غیر قانونی تجاوزات کی وجہ سے پانی کی نکاسی میں مشکلات آتی ہیں انہوں نے افسران کو غیر قانونی تجاوزات ہٹانے کیلئے موثر مہم شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شروع کئے گئے مختلف پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائیزہ لیتے ہوئے ان پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت دی ۔ انہوں نے افسران کو اس ضمن میں ایک مکمل رپورٹ اُن کے دفتر میں پیش کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اس دوران کئی عوامی وفود سے مل کر انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ پالیتھین کا استعمال ترک کریں ۔ ڈاکٹر سنگھ نے اس سلسلے میں افسران کو جانکاری عام کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے شہر کی پارکوں کی تجدید اور صفائی ستھرائی کے احکامات بھی دئیے ۔ بجلی کی چوری اور غیر قانونی کنکشنوں کو بجلی کٹوتی کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے افسروں کو قصورواروں کے خلاف کڑی کاروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اپنے فرایض کی انجام دہی میں کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی کاروائی کرنے کے احکامات دئیے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے بعد میں بس سٹینڈ میں کثیر منزلہ پارکنگ اور کمرشل کمپلیکس کی تعمیر کے کام کا جائیزہ لیا انہوں نے پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے احکامات دئیے ۔ جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ، جوائینٹ کمشنر ، جوائینٹ کمشنر ورکس ، سی ٹی او اور دیگر افسران و انجینئر صاحبان نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔