سرینگر // جموں کشمیر کے سینئر ترین بیورو کریٹ فائنانشل کمشنر ارون کمار مہتہ کی بطور چیف سیکریٹری کے باضابطہ طور پر احکامات صادر کئے گئے ہیں۔مرکزی سرکار نے جمعرات کو ہی مہتہ کی تقرری کے احکامات دیئے تھے اور جمعہ کو لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے بھی اس ضمن میں تحریری احکامات صادر کئے گئے۔1988بیچ کے آئی اے ایس آفیسر ارون کمار مہتہ نے جموں کشمیر میں بہت کلیدی عہدوں پر اپنے فرائض انجام دیئے ہیں۔بیورو کریٹک حلقے میں انہیں انتہائی ذہین اور شریف النفس سمجھا جاتا ہے۔ارون کمار مہتہ کی تقرری پر سیکریٹریٹ ایمپلائز یونین کے صدر روف احمد بٹ اورجموں کشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر فیاض احمد شبنم کے علاوہ دیگر ملازمین انجمنوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے اپنے اپنے بیانوں میں کہا کہ نئے چیف سیکریٹری کو ملازمین کو در پیش مشکلات کے بارے میں بخوبی علم ہے کیونکہ انہوں نے ملازمت کا پورا عرصہ جموں کشمیر میں ہی گذارا ہے لہٰذا انکی تقرری ملازمین کیلئے نیک شگون ہی ثابت ہوگی۔ملازم انجمنوں کی جانب سے نئے چیف سیکرٹری کومکمل تعاون کا یقین دلایا گیا ہے۔