جموں//گورنر کے مشیر کے ۔وِجے کمار نے ریاست میں بنیادی سطح پر جمہوری عمل اور جواب دہی کو فروغ دینے کے لئے پنچایتی راج اِداروں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔مشیر موصوف پنچایت بھون جموں میں ماسٹر ریسورس پرسنز کے لئے ایک ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے جو ریاست کے مختلف ضلعوں میں مقامی اِداروں کے منتخب شدہ نمائندوں کو تربیت دیں گے ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ورکشاپ کے دوران تربیت پانے والے بعدمیں پنچایتی راج اِداروں کے نئے منتخب شدہ ارکان کو 15؍ جنوری 2019 ء سے ایک مرحلہ وار طریقے پر تربیت فراہم کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ۔ وِجے کمار نے دیہی منظر نامے میں بنیادی سطح پر مثبت تبدیلی لانے میںپنچایتو ں کے رول کو اُجاگر کیا۔مشیر موصوف نے کہا کہ گائوں دیہات کی مجموعی ترقی تب ہی ممکن ہوگی جب پنچایت ممبران اپنی سماجی و اقتصادی ذمہ داریوں کو پوری طرح نبھائیں گے ۔اُنہوںنے کہا کہ تربیتی پروگراموں کی بدولت منتخب شدہ نمائندوں کو اپنارول سمجھنے اور اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا بہتر ین موقعہ فراہم ہوگا۔اُنہوں نے کہاکہ مرکزی معاونت والی سکیموںکے بارے میں بھی ارکان کو روشنا س کرایا جانا چاہیئے تاکہ بنیادی سطح پر اُن کی عمل آوری ممکن ہوسکے۔اُنہوں نے کہا کہ ہر ایک گائو ں میں گرام سبھائوں کا بھی انعقاد کیا جانا چاہیئے تاکہ گائوں کی ضروریات کی ترجیحات کو پورا کیا جاسکے۔سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج شیتل نندا نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور تربیتی پروگرام کے خدو خال اور اس کے مسودے پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ تمام ضلعوں میں چار بیجز میں 3514 ارکان کو تربیت دی جائے گی۔ڈی جی آر ڈی ڈی جموں ، ڈائریکٹر پنچایت ، ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کشمیر اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔