عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//سونہ مرگ کو سرمائی کھیلوں کا نیا مقام بنانے کی غرض سے نئے سال کے پہلے دن محکمہ سیاحت کشمیر نے جموں کشمیر سنوشوایسوسی ایشن کے اشتراک سے سنوشوانویٹیشن تقریب کااہتمام کیا۔وادی بھر میں نئے سال کی تقریبات کے حصے کے طور سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سرمائی کھیل سرگرمیاں جیسے سنوشواور ایس سکیٹنگ کاانعقاد کیا۔آئس سکیٹنگ میں مقامی نوجوانوں کی تربیت دی گئی جبکہ سنوشوتقریب میں کشمیر کے سرفہرست اتھیلیٹ شرکت کیلئے مدعو کئے گئے تھے۔ سونہ مرگ میں برف نہ ہونے کی وجہ سے تقریب کااہتمام تھاجواس گلیشئرکے قریب کیاگیاتھا۔اس میں آزمائشی طور24شرکاء نے شرکت کی ۔یہ سونہ مرگ میں اپنی نوعیت کاپہلا سنوشونگ ایونٹ تھا۔چیف ایگزیکیٹوافسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی الیاس ناصراس موقعہ پرمہمان خصوصی تھے جبکہ اعزازات کی تقسیم کے موقعہ پرجموں کشمیرسنوشوایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر الطاف الرحمن اورمعروف کوہ پیمانواب معظم بھی موجودتھے۔سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکیتوافسر الیاس ناصر نے ا س موقعہ پرکہا کہ سونہ مرگ میں سرمائی کھیل سرگرمیوں کا شروع ہوناایک اچھی بات ہے ۔معمول کے طور سونہ مرگ موسم گرما میں مصروف سیاحتی مقام ہوتا ہے لیکن اس سال ہم نے موسم سرما میں بھی سونہ مرگ کو سرمائی کھیلوں کامقام بنانے کیلئے کھلارکھنے کافیصلہ کیا ۔ہم نے آئس سکیٹنگ رنگ بھی بنایا جہاں مقامی طلاب کوتربیت دی جاتی ہے۔سنوشوایونٹ کے انعقاد سے اب مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے مزیدکہا کہ یہ ایک تقریب ہی نہیں ہوگی بلکہ ہم تقریبات کااہتمام پورے موسم سرما میں کرتے رہیں گے ۔آئس سکیٹنگ سے سنوسکینگ اورسنوشونگ تک ہم مسلسل تقریبات کا اہتمام کرتے رہیں گے اوران میں نوجوان شرکت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ سنوشوفیڈریشن آف انڈیا نے8ویں قومی سنوشوچیمپین شپ اس سال فروری میں سونہ مرگ میں منعقدکرنے کو منظوری دی ہے۔یہ کشمیر کی سیاحتی برادری کیلئے ایک خوش آئند خبر ہے اورہم اس ایونٹ کوکامیابی سے ہمکنار کرانے کا یقین دلاتے ہیں۔ڈاکٹر الطاف الرحمن نے سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کاشکریہ اداکیااور سونہ مرگ کو سرمائی کھیلوں کا نیامقام بنانے کیلئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔