نئے سال کے سلسلے میں تقریبات،پہلگام اور گلمرگ میں جشن

 پہلگام //محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام ایک ہفتہ طویل پہلگام سرمائی میلہ نئے سال کے جشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جس میں موسیقی ، رقص ، ڈراموں اور سرمائی کھیلوں کی نمائش ، اسٹریٹ فوڈز کے علاوہ دیگر شعبوں کی 7 روزہ پرکارروائیاں بھی دیکھی گئیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری سیاحت سرمد حفیظ نے کہا کہ 4.5 لاکھ سے زیادہ سیاح پہلگام کا دورہ کر چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پہلگام سردیوں کے ایک بڑے سیاحتی مقام کے طور پر تیزی سے ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسم سرما کی سیاحت کیلئے پہلگام اور سونمرگ کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے پُر عزم ہے ۔ ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ نے پہلگام کی قدرتی خوبصورتی کو دکھانے کیلئے ونٹر کارنیوال کا انعقاد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اہم ہیں بلکہ پہلگام کو فلم کی شوٹنگ کی ایک بڑی منزل کے طور پر فروغ دینے کیلئے بھی اہم ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلم انڈسٹری شوٹنگ کیلئے پہلگام اور گلمرگ کا دورہ کرے گی ۔ نئے سال کے دن کی تقریبات پہلگام کلب میں ہوئی اور اس میں سیاحوں اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ دیگر کے علاوہ ڈی ڈی سی چئیر مین اننت ناگ ایم وائی گورسی ، ڈی سی اننت ناگ ڈاکٹر پیوش گوئیل اور محکمہ سیاحت اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران نے نئے سال کی تقریبات میں شرکت کی ۔