عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کیپکس بجٹ 2024-25ء کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور مالی برس 2025-26ء کے لئے حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں وزیر برائے صحت سکینہ ایتو، وزیربرائے دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار، وزیر برائے ٹرانسپورٹ ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی بھوپندر کمار کے علاوہ متعلقہ محکمے کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں نچلی سطح کے بنیادی ڈھانچے اور ترقی کو مضبوط بنانے کے مقصد سے بجٹ تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعلیٰ نے اِس بات پر زور دیا کہ منصوبہ بندی کے عمل کو محکمانہ اور ضلعی سطح پر مربوط کیا جانا چاہئے تاکہ پورے حکومتی نقطہ نظر کو شامل کیا جاسکے۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ نئے منصوبے صرف ایک سے دو برس کی مدت میں مکمل ہوںجبکہ میگا پروجیکٹوں کے لئے تین برس کی مدت رکھی جا سکتی ہے۔ اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبوں کی بنیاد عوامی فائدے اور واضح نتائج پر ہونی چاہیے۔سریندر چودھری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محکمہ کی توجہ لوگوں کو فوائد کے معاملے میں نتائج پر ہونی چاہئے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کا ورک پلان ٹھوس نتائج پر مبنی ہونا چاہئے اور مکمل ہونے والے کاموں کی تعداد اور مستفید ہونے والے اَفراد کی تعداد کی نشاندہی کی جانی چاہیے۔نائب وزیرا علیٰ نے ہدایت دی کہ عوامی نمائندوں کی ترجیحات کو بجٹ میٹنگوں کے دوران ملحوظ رکھ کر سالانہ منصوبہ بندی کی جائے اور احکامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ اُنہوں نے تاخیر کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی۔ دورانِ میٹنگ وزرأ جاوید احمد ڈار، سکینہ اِیتو، ستیش شرما اور وزیرا علیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق قیمتی تجاویز کیں اور اَپنے حلقوں کے اہم منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا۔اِس سے قبل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی نے کیپکس بجٹ کی مجوزہ تفصیلات اور مالیاتی تقسیم پر مبنی ایک پرزنٹیشن دی۔ اُنہوں نے گزشتہ مالی برس کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی جن میںمختلف شعبوں کے تحت 3,410 کلومیٹر سڑک کی میکڈمائزیشن، 2,763 کام مکمل، 769 کلومیٹر سڑک پی ایم جی ایس وائی کے تحت بلیک ٹاپ، 498 سکیمیں مکمل اور مختلف سکیموں کے تحت 47 پُل مکمل ہوئے۔