نئی دہلی میں سمیرا اور عدنان کی مصوری اور تصاویر کی نمائش

نئی دہلی//ریاست کے سابق گورنر این این ووہرا نے جموں وکشمیر میں بودوباش کرنے والے گوجر طبقے کے لوگوں کے رہن سہن اور تہذیب وتمدن کو تحفظ دینے پر زوردیا ہے۔ نئی دہلی کے انڈیاانٹرنیشنل سینٹر میں سمیرا چودھری اورعدنان کوہلی کی پانچ روزہ مصوری اور فوٹونمائش کاافتتاح کرتے ہوئے این این ووہرا نے کہا کہ گوجرہمارے تکثیریتی سماج کااہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیرمیں بودوباش کرنے والے خانہ بدوش گوجروں کے رہن وسہن اور تہذیب وتمدن کو دستاویزی طور تحفظ فراہم کرنے اور اس کی قومی اور بین الاقوامی سطح پرتشہیر کرنے کی ضرورت ہے۔ این این ووہرا نے اس موقعہ پر پونچھ ضلع سے تعلق رکھنے والی سمیراممتازچودھری اور عدنان کوہلی کی اُن کے شاندار کام کیلئے ستائش کی ۔اس موقعہ پر سمیرا چودھری نے کہا کہ یہ نمائش اور اس کے تمام جزومیرے دل کے قریب ہیں کیونکہ یہ میرے طبقے کے فن اور تہذیب کی عکاسی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ’ مجھے یقین ہے کہ نمائش سے ریاست جموں وکشمیرکے قبائیلی طبقے کے منفرد تہذیب وتمدن کو پھیلانے میں مدد ملے گی ۔  عدنان کوہلی جن کے فوٹو اس نمائش میں رکھے گئے ہیں ،نے اس موقعہ پر کہا کہ میں گوجر طبقے کی زندگی جاندار اور مرتعش ہے اور میں نے گوجرطبقے کے تہذیب وتمدن کے قالب کے اجزاء کو کیمرے میں قید کرنے کی کوشش کی ہے‘ ۔انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے پیرپنچال کی بلند وبالا چوٹیوں پر خانہ بدوش گوجروں کے ساتھ مہینوں گزارے ہیں تاکہ ان کے رہن سہن کو عکس بند کروں‘۔ نمائش دیکھنے آئے ایک مہمان نے سمیرا کی مصوری  دیکھ کر کہا کہ ان میں گوجر طبقے کی منفرد روایات،قدرتی حسن ،گجربکروال خانہ بدوشوں کے مزاج کی بھر پور عکاسی کی گئی ہے ۔ اس نمائش میں کل90مصوری کے نمونے اور فوٹو گراف رکھے گئے ہیں۔