گول // تتا پانی سڑک پر تارکول بچھانے کا کام ادھوڑا چھوڑ کر ٹھکیدار رفو چکر ہو چکا ہے جس کے خلاف مقامی لوگ سراپا احتجاج ہیں ۔ چند ہی روز قبل وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے فیس بک پیج پر تتا پانی کا ایک فوٹو اپلوڈ کیا تھا جس پر یہ دکھائی دے رہا تھا کہ سڑک پر میکڈم بچھایا جا رہا ہے یہ سچ ہے کہ سڑک پر میکڈم بچھایا جا رہا تھا لیکن چھ کلو میٹر سڑک پر صرف ایک یا دو کلو میٹر میکڈ م بچھانے کے بعد ٹھیکیدار رفو چکر ہو گیا جس پر لوگوں نے آج تتا پانی سڑک پر احتجاج کرتے ہوئے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ۔ لوگوںنے کہا کہ چھ کلو میٹر سنگلدان تتا پانی سڑک دہائیوںسے تعمیر ہو رہی ہے اور اب لوگوں میں یہ خوشی محسوس ہو رہی تھی کہ اب یہ سڑک مکمل ہو گی لیکن انہیں کیا معلوم کہ ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی تعریف ٹھیکیدار کوٹھیک نہیں لگے گی اور وہ یہاں سے رفو چکر ہو جائے گا ۔ مقامی لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی نہ ہی کوئی آب ِ نکاس کا سسٹم ہے اور نہ ہی سڑک کو مکمل کیا گیا صرف ایک کا ڈیڑھ کلو میٹر فوٹو کھچوانے کے لئے میکڈم کیا گیا اُس کے بعد ٹھیکیدار مشینیں لے کر یہاں سے نکل گیا جس پر لوگ کافی برہم ہوئے ۔ مقامی لوگوں نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی تعمیر کو مکمل کیا جائے جو دہائیوں سے تعمیر ہو رہی ہے تا کہ جہاں اس سڑک پر چلنے والے لوگوں کو راحت محسوس ہو گی وہیں تتا پانی آنے والے لوگوں کیلئے راحت ہو گی ۔