پیرس// فرانس میں گزشتہ کئی ہفتہ سے جاری ‘یلوجیکٹ’ تحریک کے پیش نظر صدرایمنول میکرون نے عوامی غصہ کو کم کرنے کیلئے کئی اہم اعلانات کئے ہیں جن میں ملک میں کم از کم مزدوری بڑھانے اور ٹیکس سے راحت دینے کے اقدام شامل ہیں۔ برطانیہ کے اخبار ‘دی گارجین’ کی رپورٹ کے مطابق مسٹر میکرون نے فرانس ٹی وی پردی گئی اپنی تقریر میں نئی پالیسیوں کا اعلان کیا۔ فرانس کے صدر نے کہاکہ ہم پختہ اقدام کرکے اقتصادی اور سماجی خواہشات اور مطالبات کو پورا کریں گے ۔ ہم ٹیکس کو تیزی سے کم کریں گے ، اپنے اخراجات کو کنٹرول میں رکھیں گے لیکن یو ٹرن نہیں لیں گے ۔ مسٹر میکرون نے اپنے خطاب میں اعتراف کیا کہ وہ صدر منتخب ہونے کے بعد جلد حل دستیاب نہیں کراسکے ۔ انہوں نے کہاکہ آپ کو شاید لگا ہو کہ یہ میری ترجیح نہیں ہے ، میری ترجیحات کچھ اور ہیں ۔ میں اپنی پوری ذمہ داری قبول کرتا ہوں کہ میں نے اپنے الفاظ سے آپ میں سے کئی لوگوں کو دکھ پہنچایا ہے ۔ مسٹر میکرون نے کہاکہ حکومت نے یکم جنوری سے جدوجہد کررہے مزدوروں کی مدد کے لئے ‘پختہ قدم’ نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ کم از کم مزدوری میں ماہانہ 100یورو (90پاونڈ) بڑھائے جائیں گے ۔ مزدوروں کے اوورٹائم پر کسی طرح کا ٹیکس نہیں لگے گا اور 2000یورو سے کم کی پنشن پر لگائے جانے والے ملازمت ٹیکس کومنسو خ کردیا گیا ہے ۔ یو این آئی