سرینگر //جموں و کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن کے بیشتر شعبے جموں میں کام کررہے ہیں۔جس کی بنا پر رجسٹریشن کرانے والے خواہش مند افراد کو دستاویزات جموںبھیجنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ دربار مو ہوئے 5ماہ سے زائد کا عرصہ بھی گذر چکا ہے۔ کارپوریشن میں ادویات کی رجسٹریشن کرانے کے خواہشمند سپلائروں کا کہنا ہے کہ دربار مو کے ساتھ اگر چہ کارپوریشن کے چند افسران سرینگر آئے تاہم کارپوریشن کا ٹینڈرنگ اور رجسٹریشن سیکشن جموں میں کام کررہا ہے جس کی وجہ سے ٹینڈر کیلئے رجسٹریشن کرانے والے سپلائروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم کارپوریشن کے افسران کا کہنا ہے کہ یہ کارپوریشن کے قوانین میں ہی لکھا گیا ہے کہ کارپوریشن کا 70فیصد عملہ دربار کے ساتھ چلا جائے گا جبکہ 30فیصد جموں میں موجود رہے گا۔ سال 2013میں ریاست کے سرکاری اسپتالوں کو بروقت معیاری ادویات فراہم کرنے کیلئے قائم کی گئی میڈیکل سپلائی کارپوریشن ٹکڑوں میں بانٹ دی گئی ہے۔ کارپوریشن میں ادویات سپلائی کرنے والے ڈیلروں کو رجسٹریشن کیلئے دستاویزات جموںبھیجنے کی ہدایت دی جاتی رہی ہے۔ کارپوریشن کو ادویات کی سپلائی کرنے والے ایک ڈیلر نے بتایا کہ کارپوریشن میں رجسٹریشن کے خواہشمند افراد کے دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں جموںبھیجنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ مذکورہ سپلائر نے بتایا کہ اگر چہ ریاست کے تمام دفاتر اس وقت سرینگر میں کام کررہے ہیں تاہم اسکے بائوجود بھی انہیں رجسٹریشن کیلئے دستیاویزات جموں بھیجنے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے ۔ کارپوریشن میںموجود ذرائع نے بتایا کہ دربار مو کے بائوجود بھی کارپوریشن کے تین بڑے شعبے ، شعبہ رجسٹریشن، شعبہ ٹینڈرنگ اور ایڈمنسٹریشن جموں میں ہی کام کررہے ہیں کیونکہ کارپوریشن میں موجود چند افسران کو کشمیر آنا گنوارا نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ قوائد و ضوابط کے تحت دربارمو سرینگر میں ہونے کی وجہ سے کارپوریشن کا 90فیصد کام گرمیوں میں کشمیر میں ہی ہونا چاہئے تھا مگر 10مئی کو دربار موکی منتقلی کے بائوجود کارپوریشن کا زیادہ تر کام جموں میں ہی ہوتا ہے۔ ذرائع سے کشمیرعظمیٰ کو معلوم ہوا ہے کہ کارپوریشن کے قوائد و ضوابط کو اس طریقے سے تیار کیا گیا ہے کہ سال کے12مہینے میں جموں میں ہی کام کیا جائے ۔ کارپوریشن کے جنرل منیجر ڈاکٹر محمد اقبال صوفی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کارپوریشن کا رجسٹریشن شعبہ جموں میں کام کررہا ہے تاہم سپلائر کشمیر میں بھی اپنے دستاویزات جمع کرسکتے ہیں جنہیں کارپوریشن از خود جموں روانہ کرتی ہے۔ جنرل منیجر محمد اقبال نے بتایا کہ کارپوریشن کے قوائد و ضوابط میں ہی 70فیصد دربار مو کے ساتھ جبکہ 30فیصد لکھا گیا ہے۔