سرینگر//شیر کشمیر میڈیکل سائنسز انسٹی چیوٹ کی طرف سے منعقدہ دوسری جموں وکشمیر میڈیکل سائنس کانگریس 2017ء اور پہلی ایم پی پی سی او ایس کانفرنس کل شام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔غیر ترقی یافتہ ملکوںمیں بے لاگ بیماریوں موضوع نامی سائنس کانگر یس میں کئی بین الاقوامی ، ملکی اور مقامی سائنسدانوں نے ذیابیطس ، سرطان ، تھائی رائیڈ ،ٹراما ،گردوں کی خرابی اور دیگر بیماریوں پر مقالات پیش کئے ۔کانفرنس میں بیک وقت کئی پروگرام منعقد ہوئے جبکہ کتابوں کی اجرائی کے علاوہ کوئز مقابلے بھی ہوئے اور نوجوان سائنسدانوں کی عزت افزائی بھی کی گئی۔اس کے علاوہ تقریباً 450 سینئر اور جوئنیر سائنسدانوں نے تحقیقی مقالات پیش کئے جن میں 350 مقالات میڈیکل سائنسز اور 100دیگر ذیابیطس اورمیٹابولزم ، سنڈوم سے متعلق تھے۔کانفرنس میں 86 نوجوان سائنسدانوں کو زبانی پرزنٹیشن کیلئے چنا گیا تھا جن میں سے 20 پرزنٹیشن چنے گئے ۔ایم پی پی سی او ایس سوسائٹی کی دوسری میٹنگ پونے میں جون 2018ء میں منعقد ہوگی۔مذکورہ کانفرنس کو ڈائریکٹر سکمزپروفیسر اے جی آہنگر کی سربراہی میں سکمز سرینگر، آئی سی ایم آر ممبئی ، ایمز نئی دلی ، اور ریاست کی تمام یونیورسٹیوں ، میڈیکل کالجوں ، ڈینٹل کالجوں اور صحت ڈائریکٹوریٹوں کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ۔کانفرنس کے کنوینر پروفیسر محمد اشر ف گنائی نے شرکاء کا کانفرنس میں شرکت کرنے کے شکریہ ادا کیا۔