کشتواڑ//میڈیا سینٹرکشتواڑ کی تعمیر کیلئے پیسہ واگزار ہونے کے باوجود کشتوار کا میڈیا سینٹر نہ بننے پر ضلع کے صحافی پریشان ہیں اور وہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اب فریادی ہوچکی ہے۔صحافیوں کا الزام ہے کہ میڈیا سینٹر کیلئے واگزار شدہ رقوم محکمہ اطلاعات نے مختلف چیزوں کی خریداری پر صرف کردئے جس پر مقامی صحافی براداری نالاں ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سال 2017 کے آخر میں ضلع کشتواڑ کا دورہ کیا تھا جس دوران مقامی صحافیوں نے اپنے مطالبات رکھتے تھے جس میں صحافیوں نے قصبہ کے لئے ایک میڈیاسینٹرتعمیر کرنے کا مطالبہ پیش کیا تھا جسکے بعد محبوبہ مفتی نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ جلد از جلد میڈیا سینٹرتعمیر کرے جہاں صحافی حضرات بہتر سہولیات فراہم کرکے اپنے فرایض کو صحیح ڈھنگ سے انجام دے سکیں۔ جسکے بعد پانچ لاکھ روپے کی رقم محکمہ اطلاعات کو میڈیا سینٹر تعمیر کرنے کیلئے سونپی گئی جومبینہ طور سے مختلف اشیائکی خریدو فروخت میں خرچ کی جاچکی ہے۔ مقامی صحافیوں نے آج تک کئی دفعہ ضلع ترقیاتی کمشنروں سے مل کر کشتواڑ میں میڈیا سینٹر تعمیر کرنے کی مانگ کی لیکن ابھی تک انکی اس مانگ کو پورا نہ کیا گیا۔ حال ہی میں ڈویژنل کمشنر جموں نے جب کشتواڑ کا دورہ کیا تو اس وقت بھی مقامی صحافیوں نے انکے سامنے میڈیا سینٹر تعمیر کرنے کی مانگ رکھی جس پر انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد اسکومخصوص جگہ پر تعمیر کرے۔ جسکے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر نے مقامی صحافیوں سے قصبہ میں کسی جگہ کا تعین کرنے کو کہا تاکہ وہاں پر سبھی انتظامات رکھے جاسکیں لیکن ایک ہفتہ گزرجانے کے باوجود بھی کوئی پیش رفت دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔ اگرچہ صحافیوں نے چند مقامات پر سینٹر کی تعمیر کیلئے کہا بھی تاہم ابھی تک بات نہ بن پائی۔ مقامی صحافیوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے کشتواڑ میں میڈیا سینٹرکی تعمیر کا خصوصی جایزہ لینے کی درخواست کی۔ نوجوان صحافی منتصر گیری نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں سے میڈیا سینٹر کی تعمیر صرف بیان بازی و کاغذی کاروائی تک ہی محدودرہی۔ انھوں نے بتایا کہ اگرچہ سال 2019 میں اس وقت کے ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے محکمہ اطلاعت کے دفتر کے باہر ایک ہال کی تعمیر کرائی لیکن آج تک اس کا کیا ہوا ،کچھ علم نہیں۔ انھوں نے لیفٹیننٹ گورنرسے میڈیا سینٹرکی جلد تعمیر کی مانگ کی۔ سینر صحافی و ورکنگ جرنلسٹ ایسوسیشن کے جنر ل سیکریٹری راجیش چندر نے بتایا کہ وہ گزشتہ 25 برسوںسے صحافت کررہے ہیں،تب چند لوگ ہی اس پیشے سے وابستہ تھے لیکن آج تعداد 30کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ اس وقت میڈیا سینٹر کی ضلع میں اشد ضرورت ہے جہاں صحافی اپنے کام کو بخوبی انجام دے سکیں۔دیگر صحافیوںبلبیر جموال ، اجے شان ، مشتاق دیو، نزیر ڈار ، ذوالفقار علی ، عمران شاہ، مونو ، منیشا ، وسیم بٹ، بابر،دیپک، شیتل ، اظہر نے بھی ایل جی انتظامیہ سے میڈیا سینٹرجلد تعمیر کرنے کی مانگ کی تاکہ مقامی صحافیوں کو بہتر سہولیات فراہم ہوسکیں۔