میونسپل حدود سرنکوٹ میں ’اڈہ پرچی ‘کے نام پر لوٹ جاری

مینڈھر //میونسپل کمیٹی سرنکوٹ کی حدود میں ’اڈہ پرچی ‘کے نام پر لوٹ کھسوٹ کا سلسلہ جاری ہے تاہم ڈرائیور طبقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ جموں کے دیگر لگ بھگ سبھی مقامات پر میونسپل کمیٹی کی حدود میں ’اڈہ پرچی ‘20روپے وصول کی جارہی ہے لیکن سرنکوٹ میونسپل کمیٹی کی حدود میں اڈہ پرچی کے نام پر ڈرائیوروں سے روزانہ 40روپے وصول کئے جارہے ہیں ۔ڈرائیور طبقہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اڈہ پرچی کے نام پر ان کو غیر ضروری طورپر ہراساں کیا جارہا ہے جبکہ بغیر کسی قاعدہ کے لورزامات بنائی گئی ہیں جبکہ قصبوں میں اس طرح کا کوئی قاعدہ نہیں ہے ۔ڈرائیوروں نے کہاکہ کووڈ کی وجہ سے ان کو پہلے سے ہی نقصان کا سامنا کرناپڑرہا ہے لیکن اس کے با وجود بھی سرنکوٹ میں میونسپل کمیٹی کی حدود میں ان کو ہراساں کیا جارہاہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ قصبہ میں وصول کی جارہی اڈہ پرچیوں کے سلسلہ میں تحقیقات کر کے قاعد ہ کیخلاف کام کرنے والوں پر سخت کارروا ئی کی جائے ۔