مینک اگروال پنجاب کنگز کے کپتان مقرر

موہالی// (یو این آئی) آئی پی ایل فرنچائزی پنجاب کنگز نے آئندہ آئی پی ایل 2022 سیزن کے لیے سلامی بلے باز مینک اگروال کو کپتان بنایا ہے ۔ 30 سالہ مینک لوکیش راہل کی جگہ لیں گے ، جو آئی پی ایل کی میگا نیلامی سے قبل نئی ٹیم لکھنؤ سپر جائنٹس میں شامل ہوگئے تھے ۔کپتان نامزد کیے جانے پر میانک نے کہا، "میں 2018 سے پنجاب کنگز کے ساتھ ہوں اور مجھے اس شاندار یونٹ کی نمائندگی کرنے پر بہت فخر ہے ۔ مجھے ٹیم کی قیادت کرنے کا موقع دیا گیا ہے ۔ میں اس ذمہ داری کو پوری دیانتداری سے نبھاؤں گا۔ ساتھ ہی مجھے یقین ہے کہ اس سیزن میں ہمارے پاس جو صلاحیت ہے اس سے میرا کام آسان ہوجائے گا۔ٹیم کے ہیڈ کوچ انل کمبلے نے کہا، "مینک 2018 سے ٹیم اور پچھلے دو سال سے قیادت گروپ کا ایک لازمی حصہ رہے ہیں۔ ہم نے جس نئی ٹیم کو منتخب کیا ہے اس میں نوجوان صلاحیت اور شاندار تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ ہم میانک کی کپتانی میں مستقبل کے لیے ایک مضبوط بنیاد بنانا چاہتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ مینک کا 2021 کا سیزن شاندار رہا تھا۔ انہوں نے 12 میچوں میں 40.09 کی شاندار اوسط سے 441 رن بنائے تھے ۔ انہوں نے پورے سیزن میں 140.28 کے متاثر کن اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ یادگار بلے بازی کی ۔