مینڈھر// کانگریس پارٹی کی جانب سے مینڈھر کے مختلف علا قوں میں پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں اجلاسوں کا اہتمام کیا گیا جن کے دوران پارٹی لیڈران نے عوام کو بھاجپا کی فرقہ پرستی اور عوام کش پالیسیوں کے بارے میں بیدار کرتے ہوئے جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے پارٹی امید وار کے حق میں ووٹ ڈالنے کی مانگ کی ۔اس انتخابی مہم کے دوران پارٹی کے سنیئر لیڈر چوہدری عمران ظفرنے بھاجپا کی مرکزی حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو گولیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سرحدی علا قوں میں عوام کو پاکستانی افواج کی فائرنگ کیساتھ ساتھ تمام بنیادی سہولیات کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی و ریاستی انتظامیہ کو چاہیے کہ سرحدی علا قوں میں جلداز جلد بنکروں کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ گولہ بھاری کا سامنا کرنے والی عوام کو محفوظ پناہ مل سکے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہیے کہ گولہ بھاری کے دوران رہائشی مکانات کو ہوئے نقصان اور ان کی دوبارہ سے تعمیر و مرمت کیلئے معاوضہ دیا جائے ۔انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی لیڈران 370اور35 Aپر سیاست کر رہے ہیںجبکہ عوامی مسائل کو گزشتہ پانچ برسوں سے یکسر نظر انداز کیا گیا ہے ۔کانگریس لیڈر نے عوام سے اپیل کرتے ہو ئے کہاکہ وہ فرقہ پرستوںکو سیاسی و اقتدار سے دور رکھنے کیلئے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس امیدوار کو کامیاب کرنے کیلئے ووٹ کا استعمال کریں۔