مینڈھر//مینڈھر میں کانگریس لیڈرچوہدری عمران ظفر کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں امن و بھائی چارے کی بحالی پر زور دیاگیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس میٹنگ میں مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔مقررین نے امن و بھائی چارے کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ مینڈھر کی قدیم روایت ہے جسے بہر صورت برقرار رکھاجائے ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے عمران ظفر نے بھی عوام سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر کوئی کرایہ دار یا باہر کا شخص یہاں کے امن و بھائی چارے میں خلل ڈالنے کی کوشش کرے تو یہ اقدام کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے افراد پر کڑی نظر رکھنی چاہئے اور ان کی کوششوں کو ناکام بنایاجائے ۔ انہوں نے دفعہ 35اے کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دنوں اس دفعہ کے حق میں احتجاج کے دوران نعرے بازی پر کچھ نوجوانوں کو گرفتار کیاگیاہے جس سے پولیس اور عوام کے درمیان نفرت کی ایک دیوار بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گرفتار کئے گئے نوجوانوں کو معاف کیاجائے اور انہیں اپنے والدین کے سپرد کیاجائے ۔ اس موقعہ پر مولانا محمدسلطان نقشبندی خطیب و امام مرکزی جامع مسجد مینڈھر ، چوہدری حاجی میرمحمدنمبر دار دھرانہ ، کفیل خان نمبردارکالابن ، محمد دین پسوال ، ریٹائرڈ زیڈ ای او محمد صادق ،لکھوندر سنگھ، شا م لال ، ماسٹر محمدا خلاق خان، محمد اسلم خان چوہدری محمد خالداورسماجی کارکن عبدالحکیم بھی موجو دتھے ۔