مینڈھر//پی ڈی پی سینئر لیڈر اور سابقہ ممبر اسمبلی مینڈھر سردر رفیق حسین خان نے شیئر مارکیٹ لوٹ کھسوٹ معاملے پر مقامی و ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ایک سال تک لوگوں کو دن دھاڑے لوٹا جاتا رہا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔مینڈھر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی لیڈر نے کہا ریاستی گورنر انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس معاملہ کی سی بی آئی انکوائری کروائے تاکہ سچائی کو سامنے لایا جاسکے او ر غریب عوام کو انصاف فراہم کیا جاسکے ۔انھوں نے کہا کہ ملوث افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔موصوف نے کہاکہ ایک گروپ انتظامیہ کے سامنے ایک منظم انداز میں کئی عرصہ تک لوگوں کو لوٹتا رہا ہے لیکن بدقسمتی سے پولیس او ر سیول انتظامیہ نے کو ئی کارروائی عمل میں نہیں لائی ۔موصوف نے کہاکہ اگر مذکورہ گروپ کو کو ئی سیاسی پشت پناہی حاصل رہی ہے تو اس کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔پی ڈی پی لیڈر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ میں مقامی انتظامیہ بھی ملوث ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے غریبوں کا پیسہ ہڑ پ لیا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ معاملہ میں ملوث افراد کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کیا جائے ۔پی ڈی پی لیڈر نے رہاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کرواکر ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔