مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر میں ائورلوڈنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور چھوٹی گاڑیاں تو ائورلوڈنگ ہوتی ہی ہیں مگراب بسوں نے بھی چھتوں پر سواریاں بٹھانا شروع کردیاہے ۔جب تک گاڑی پوری طرح سے بھر نہ جائے تب تک ڈرائیور بس اڈہ نہیں چھوڑتے جبکہ مسافر انہیں باربار گاڑی چلانے کی اپیل کرتے رہتے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ مینڈھر میں ٹریفک کا نظام ہی بگڑ چکاہے اور اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ ڈرائیور من مانی کررہے ہیں اور ائورلوڈنگ ایک معمول بن چکاہے ۔عام لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کے اہلکاروں کو مہینے میں ایک بار بھی نہیں دیکھا جاتا ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر میںکئی گاڑیاں بغیر کاغذات اور لائسنس چلتی ہیں لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں ۔ان کاکہناہے کہ اگر ایسے میں کوئی حادثہ رونما ہوجائے تو ذمہ دار کون ہوگا۔مقامی لوگوںنے انتظامیہ سے اپیل کی کہ گاڑیوں پر ائورلوڈنگ کے سلسلے پر روک لگائی جائے تاکہ قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ سکیں ۔انہوں نے ٹریفک حکام سے اپیل کی کہ ڈرائیوروں کے لائسنس اور گاڑیوں کے کاغذات باقاعدہ طور چیک کئے جائیں ۔خاص طور پر انہوںنے ایس ٹریفک سے اپیل کی کہ وہ اہلکاروں کو مینڈھر میں نظام درست کرنے کی ہدایت دیں ۔