مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں انتظامیہ کی جانب سے عوامی سہولیات کیلئے نصب کردہ سٹریٹ لائٹس گزشتہ کئی عرصہ سے خراب پڑی ہوئی ہیں تاہم ابھی تک ان کی مرمت کا کوئی بندو بست ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے رات کی تاریکی میں عام لوگوں کیساتھ ساتھ نمازیوں کو بھی مصیبت کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے عوامی سہولیت کیلئے 2010میں کئی سٹریٹ لائٹس نصب کی گئی تھی تاہم کچھ ہی عرصہ میں مذکورہ لائٹس خراب ہو گئی جس کے بعد مقامی و ضلع انتظامیہ سے کئی بار رجوع کرنے کے بعد بھی ان لائٹس کی مرمت نہیں کی جاسکی ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے لاکھوں روپے کی مشینری خراب ہوئی ہے اور اب کئی لائٹس کی بیٹریاں بھی چوری کرلی گئی ہے تاہم اسکے باوجود بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ ماہ قبل ہی قصبہ میں کئی چھوٹی لائٹس نصب کی گئی تاہم ان میں سے بھی اکثر خراب ہو گئی ہیں جبکہ ان کی خرابی کیلئے بھی انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کو آگاہ کیا گیا ہے لیکن ابھی تک ان کی عملی طورپر مرمت نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خراب پڑی لائٹس کی جلداز جلد مرمت کر کے عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔