مینڈھر //مینڈھر قصبہ کو جموں پونچھ شاہراہ کیساتھ جوڑنے والی واحد مصروف بھمبر گلی تا مینڈھر سڑک پوری طرح سے کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے لیکن مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ سڑک کی مرمت کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھا رہا ہے ۔مسافروں نے شکایت درج کرواتے ہوئے کہاکہ 22کلو میٹر لمبی سڑک کی کئی برسوں سے مرمت ہی نہیں کی جاسکی جبکہ اس پروجیکٹ کو انتظامیہ کئی محکموں کو سونپ چکی ہے لیکن زمینی سطح پر صورتحال تبدیل ہی نہیں ہو سکی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سفر طے کرنے کیلئے کئی گھنٹے درکار ہوتے ہیں ۔غور طلب ہے کہ سرحدی علاقہ کی واحد مصروف ترین سڑک کو کشادہ کرنے اور اس کو ٹریفک کیلئے معیاری بنانے کیلئے لوگوں کی جانب سے کئی عرصہ سے مانگ کی جارہی ہے لیکن متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے سڑک کی حالت مزید ابتر ہونا شروع ہو گئی ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ جہاں سڑک سے تار کول اکھڑ چکی ہے وہائیں نالیوں کا بھی کوئی معقول بندو بست نہیں ہے جس کی وجہ سے گنجان علاقہ کی آبادی متاثر ہو رہی ہے ۔سڑک میں کئی جگہوں پر پانی رک جاتا ہے جبکہ کئی مقامات سے نالیوں کا پانی لوگوں کی زمینوں میں بھی داخل ہو تا ہے ۔اسی طرح پلیاں بھی خستہ حال ہو چکی ہے ۔عام لوگوں نے محکمہ گریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کھڈوں کی مرمت کیلئے مٹی ڈالی جاتی ہے جو کچھ ہی دنوں میں پھر سے کھڈوں میں تبدیل ہو جاتی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر تا بھمبر گلی سڑک کو جلدازجلد معیاری بنایا جائے تاکہ ان کو دورا ن سفر درپیش مشکلات کم ہو سکیں ۔