مینڈھر+کپوارہ// مینڈھر پونچھ اور کرنا سیکٹر کپوارہ میں پاکستان کی طرف سے فائربندی کی خلاف ورزی کے دوران شہری آبادی میں شدید شلنگ کی گئی جس سے ایک خاتون ہلاک جبکہ 3شہری زخمی ہوئے۔ اس دوران کئی عارضی تعمیراتی ڈھانچوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی کے بالاکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں میں پاکستان کی طرف سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب قریب2بجے بھارتی فوج کی چوکیوں اور آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنا کر بلا اشتعال گولہ باری شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ہلکے ہتھیاروں کے علاوہ مارٹر گولوں کا بھی استعمال کیا۔دفاعی ترجمان نے مزید بتایا کہ گولہ باری کا سلسلہ رات کے قریب 2 بجکر 45 منٹ پر رک گیا۔ گولہ باری کے نتیجے میں 65 سالہ معمر خاتون ریشم بی زوجہ محمد اعظم ہلاک جبکہ60 سالہ معمر خاتون حکام بی زوجہ محمد صارف زخمی ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ زخمی خاتون کو علاج و معالجہ کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہگولہ باری کی زد میں کئی سرحدی دیہاتآئے ۔سب سے زیادہ نقصان لنجہ یویٹ نامی گائوں میں ہوا جہاں مکانوں کے نزدیک 120ایم ایم مارٹر گولے گر کے پھٹ گئے۔ دو خواتین گولہ باری کے دوران ہی مال مویشیوں کو شیڈ میں رکھنے کیلئے گھر سے باہر آئیں جس کے دوران ایک خاتون گولہ پھٹنے کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئی جبکہ ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہوئیں۔ادھرکرناہ میں لائن آف کنٹرول پر واقع ٹیٹوال بلاک کے سماری گائوں میں دن کے قریب 3بجے پاکستان نے سرحد پار نیلم علاقے سے فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کیلئے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا اور اس کارروائی کا بھاری فوج نے بھی پرپور جواب دیا ۔پولیس کے مطابق اس علاقے میں 2003کی جنگ بندی کے بعد پہلی بار گولیوں کا تبادلہ ہوا اور پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں سیماری گائوں کے دو شہری زخمی ہو گئے ۔ زخموں کو علاج ومعالجہ کیلئے سرینگر منتقل کیا گیاجن کی شناخت 22سالہ صداقت حسین ولد عزیز الرحمان اور 24سالہ ضمیر احمد ولد محمد عبداللہ کے بطور ہوئی ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق دونوں نوجوان ٹیٹوال اشیائے ضروریہ کا سامان لینے کیلئے جا رہے تھے تو اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گئے ۔