بڈگام//جنگلات ، ماحولیات ، ماہی پروری ، امداد باہمی کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے بڈگام میں نوہار سرسیار کا دورہ کیا اور 41 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کئے جارہے ٹراوٹ رئیرنگ یونٹ کا معائنہ کیا۔اس موقعہ پر محکمہ ماہی پروری نے وزیر کو مطلع کیا کہ اب تک 36 لاکھ روپے اس پروجیکٹ پر خرچ کئے جاچکے ہیں اور ایک ماہ کے اندر پروجیکٹ مکمل کیا جائے گا۔ رئیرنگ یونٹ کیلئے محکمہ کے پاس 9کنال اراضی موجود ہے۔وزیر نے متعلق افسروں کو ہدایت دی کہ وہ فارم کی حفاظت کے لئے دودھ گنگا نالے پر ایک مضبوط باندھ تعمیر کریں ۔ انہوں نے ٹراوٹ یونٹ کے ارد گرد بھی ایک دیوار بنانے کی ہدایت دی۔میر ظہور کے دورے کے دوران شیخ العالم فارسٹ نرسری کا بھی معائینہ کیا۔ انہوںنے محکمہ کی کارکردگی تسلی بخش بتائی اور مستقبل میں بھی محنت ، تن دہی اور لگن سے کام کرنے کے لئے کہا۔ وزیر کو بتایا گیا کہ نرسری میں 3.34 لاکھ کیل ، 1.14 لاکھ دیودار، 1500 فر اور 1500 میڈیسنل پودے لگائے گئے ہیں۔