سری نگر//جموں وکشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ٹریفک بسنت کمار رتھ نے کہا کہ وہ مسافر گاڑیوں میں اوور لوڈنگ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اُن مسافر گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی جن میں خواتین بالخصوص طالبات کو کھڑا ہوکر سفر کرتے ہوئے دیکھا جائے گا۔ میرے پاس کوئی جادوئی چھڑی نہیں ہے لیکن کہنا چاہتا ہوں کہ میں کشمیریوں کو مایوس نہیں کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بگڑے ہوئے نظام کو درست کرناجتنی پولیس اتنی ہی شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے۔ بسنت کمار رتھ جنہوں نے گذشتہ مہینے انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریک کا عہدہ سنبھالا، نے منگل کو یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’وادی میں بے شک ٹریفک کی بدنظمی ہے۔ اس کو سدھارنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ مسافر گاڑیوں کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔ ڈرائیور حضرات وردیاں نہیں پہنتے ہیں۔ خواتین بالخصوص طالبات کو بھی گاڑیوں میں کھڑا رہنا پڑتا ہے۔ میں گاڑیوں میں اوور لوڈنگ برداشت نہیں کروں گا۔ میرے وقت میں کم از کم خواتین گاڑیوں میں کھڑی نظر نہیں آنی چاہیں۔