بانہال // گزشتہ روز میونسپل کمیٹی بانہال کے صدر اور نائب صدر کے خلاف کونسل کے پانچ ممبران کی طرف سے عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے ایک روز بعد میونسپل کمیٹی بانہال کے صدر فاروق احمد وانی نے بدھ کے روز بانہال میونسپلٹی کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی بانہال کے صدر فاروق احمد وانی نے کہا کہ ان کے خلاف ایک ممبر کی طرف سے عدم اعتماد کی پیش کی گئی تحریک ان کے خلاف ایک گہری سازش ہے اور ریاض احمد وگے نامی کونسلر کی طرف سے ان پر لگائے گئے تمام الزامات کو وہ مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کونسلر کسی کے اشارے پر یہ سب کر رہا ہے اور وہ عدم اعتماد کی ووٹنگ میں دوبارہ جیت درج کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کونسلر نے ان پر الزام لگایا ہے کہ میونسپلٹی کونسل کی میٹنگیں منعقد ہی نہیں ہورہی ہیں جو سراسر غلط ہے اور ان کے دفتر میں میٹنگوں کے بارے میں پڑا ریکارڈ اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ میٹنگوں کا بار بار انعقاد کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک میونسپل کمیٹی بانہال میں کوئی ایگزیکٹو افسر تعینات نہیں تھا جس کی وجہ سے میونسپل کمیٹی اور کونسل کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کونسلر کچھ افراد کے اشاروں پر کام کررہا ہے اور کانگریس کی طرف سے ٹکٹ دینے کے بدولت ہی بانہال میں کانگریس نے تمام سات وارڈوں پر جیت درج کی تھی اور اب چند ایک کانگریس کونسلر ہائی کمانڈ کے احکامات کی حکم عدولی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں صدر منتخب کرنے میں کانگریس لیڈروں اور منتخب کونسلروں کے درمیان باضابط مشاورت ہوئی تھی اور کانگریس کے لیڈران کی طرف سے ہی انہیں صدر کے عہدے کیلئے نامزد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی ان کے خلاف رچائی گئی سازش کو بے نقاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اڑھائی سال کے عرصے میں قصبہ بانہال میں تعمیر و ترقی کا دورہ دور چل رہا ہے اور دو دہائی پہلے جل چکے شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر کیلئے پانچ کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ قصبہ میں ایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپئے کی لاگت سے نئے ڈرینج سسٹم کی تعمیر اور ہر وارڈ میں ٹائیلز ورک قابل زکر ہیں۔ انہوں نے کہا انہوں نے میونسپل کمیٹی کیلئے دیگر اثاثے کھڑا کرنا کیلئے بہت کام کیا ہے اور جلد ہی ان کو منظوری ملنے کی امید یے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کونسل کے سب ممبران ان کے ساتھ ہیں اور ایک کونسلر نے دھوکے سے ایک ریزولیشن پر دیگر چار کونسلروں کے دستخط لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدم اعتماد کی تحریک پر میونسپل ایکٹ کے تحت کاروائی کے حق میں ہیں اور وہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تو وہ ایک ممبر کی طرح اپنا کام انجام دیتے رہینگے اور ان۔کینظرف سے منظور کئے گئے پروجیکٹوں کی وہ خود نگرانی بھی کرینگے۔