سرینگر//ٹنل کے آر پار جمعرات کو دوسرے روز بھی میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔ محکمہ موسمیات نے وادی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں آج صبح سے موسم میں بہتری آنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ جموں کے بالائی اور میدانی علاقوں میں دوپہر کے بعد موسم میں تبدیلی آئے گئی ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 20مارچ تک ٹنل کے آر پار موسم خشک رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ آج صبح سے وادی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں موسم میں بہتری آنی شروع ہو گئی جبکہ جموں کے پیر پنچال اور خطہ چناب میں دوپہر کے بعد موسم تبدیل ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ موسم میں تبدیلی کے بعد کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بہتری دیکھنے کو ملے گی ۔ادھر وادی کشمیر کے شمال و جنوب میں گذشتہ شب سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شام دیر گئے تک جاری رہا ۔
ادھرکپوارہ اور بارہمولہ اضلاع میں کنٹرول لائن کے نزدیک واقع بالائی علاقوں میں معمولی برف باری ہوئی اور گلمر گ سمیت کچھ ایک مقامات کی پہاڑیوں پر سفید چادر بچھ گئی ۔ گلمرگ میں جمعرات کے روز ہلکی برف باری ہوئی اور دو پہر تک قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی تھی۔ اوڑی، نوگام ہندوارہ اور سادھنا ٹاپ کپوارہ و دیگر علاقوں میںمسلادھار بارشوںسے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ادھر جنوبی کشمیرکے اننت ناگ اور شوپیان اضلاع کے بالائی علاقہ جات سے تیز بارشوںکی اطلاعات ملی ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں دن بھر جاری رہیں۔پہلگام سے امر ناتھ گپھا کی طرف جانے والے راستے پر بھی تیز بارشیں ہوئیں جبکہ اوپری علاقوں میں کچھ ایک جگہوں پر ہلکی برفباری کی اطلاع ملی ہے۔کپوارہ سے اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔کنگن سے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ وسطی ضلع گاندربل کے زوجیلا، سونہ مرگ، گگن گیر، کلن میں دن بھر بارشوں کا سلسلہ جاری رہاجبکہ بیچ شام سے تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ اس بیچ کرناہ کپوارہ ، کیرن کپوارہ اور مژھل کپوارہ کی سڑکیں ایک بار پھر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہیں ، سادھنا ٹاپ پر تازہ 6انچ برف جمع ہوئی ہے جبکہ مژھل کی زیڈ گلی پر 8اور پھرکیاں ٹاپ پر 5انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ ضلع کے میدانی علاقوں میں شام دیر گئے تک بارشوں کا سلسلہ جاری تھا ۔وسطی ضلع بڈگام کے چرار شریف اور پکھر پورہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یوسمرگ میں چھ انچ ، پکھر پورہ میں تین انچ اور چرار شریف میں تین انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے ۔ادھر جموں کے پیر پنچال اور خطہ چناب کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں جاری ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں جمعرات کی شام تک 6.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ قاضی گنڈ میں 14.2پہلگام میں 2.2کپوارہ میں 4.6کوکرناگ میں 10.6ملی میٹر ، گلمرگ میں 8.6ملی میٹر ، جموں میں 8.5ملی میٹر ، بانہال میں 18.4ملی میٹر ، بٹوت میں 22.2کلو میٹر ، کڑہ میں 11.2ملی میٹر ، بھدرواہ میں 19.6ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئی ہے ۔