میاں قیوم کی 14ستمبر کو دوبارہ طلبی

سرینگر// تفتیشی ادارے (این آئی اے )کی طرف سے بار صدر ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم کی دہلی دوبارہ طلبی پر14ستمبر کو  ایک بار پھرعدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سرینگر کا جنرل کونسل اجلاس منعقد ہوا ،جس میں این آئی اے کی مہم جوئی اور دیگر امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بار ترجمان نے بتایا کہ جنرل کونسل اجلاس میں بارصدر ایڈوکیٹ عبد القیوم کی14ستمبر کو این آئی اے کی جانب سے دوبارہ طلبی کے معاملے پر غور وخوض کیا گیا ۔بار ایسوسی ایشن نے اس اقدام کو ہراسانیوں سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدام کشمیر یوں کی جائز آواز کو دبا نے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں با اتفاق رائے سے یہ فیصلہ لیا گیا 14ستمبر کو بار صدر دوبارہ نئی دہلی میں این آئی اے کے سامنے پیش ہورہے ہیں ،لہٰذا اس روز وادی کے وکلاء بطور یکجہتی ایک روزہ ہڑتال کریں گے جبکہ 15ستمبر کو مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ7ستمبر کو جو وکلاء ٹیم بار صدر کے ساتھ اظہار ِ یکجہتی کے حوالے سے نئی دہلی گئی ،وہ دوبارہ ان کے ساتھ نئی دہلی روانہ ہوگی۔