کنگن// 98برس کے معروف مذہبی و سیاسی شخصیت و سرکردہ گوجر لیڈرمیاں بشیر احمد لاروی کی نماز جنازہ اتوار سہ پہرچار بجے آن کے آبائی گائوں بابا نگری وانگت میں انجام دی گئی جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کرکے ان کو پرنم آنکھوں سے سپرد لحد کیا۔وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے اور سنیچر کی رات 8بجکر 45منٹ پر انہوں نے آخری سانس لی ۔ میاں بشیر احمد لاروی کے والد میاں نظام الدین لاروی اور ان کے دادا باباجی صاحب لاروی بھی مذہبی شخصیات تھیں۔ میاں بشیر احمد لاروی کو 2008 میں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا ۔ میاں بشیر احمد کی نماز جنازہ میں شامل ہونے کیلئے اتوارکی صبح سے ہی لوگوں کی بڑی تعداد بابا نگری وانگت کی طرف روانہ ہوئی اور بابا نگری جانے والے راستوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔دن بھر انکے مریدوں کا تانتا بندھا رہا اور سہ پہر تک ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہاں جمع ہوئے تھے۔انکی نماز جنازہ چار بجے ادا کی گئی جس میں نیشنل کانفرنس صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی،صدر ِصوبہ جموں دیوند رسنگھ رانا بھی شریک ہوئے۔اسکے علاوہ دیگر سماجی ، سیاسی اور مذہبی انجمنوں و تنظیموں سے وابستہ لوگوں نے بھی انکی آخری رسومات میں شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کی پیشوائی مرحوم کے فرزند و میاں الطاف احمد نے کی۔