کنگن//معروف سیاسی و مذہبی شخصیت میاں بشیر احمد لاروی کی فاتحہ خوانی میں سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ چہارم کی تقریب میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی لیڈران نے بھی شرکت کی۔ اس موقعہ پر میاں الطاف کو سجادہ نشین مقرر کیا گیا اور انکی دستار بندی بھی کی گئی۔دن بھر میاں بشیر کی فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا اور تعزیت کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا۔ نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ مرحوم کے گھر گئے اور وہاں ان کے اہلخانہ خصوصا مرحوم کے فرزندان میاں الطاف اور میاں سرفراز کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔تعزیتی مجلس کے دوران عمر عبداللہ نے مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میاں بشیر احمد لاروی نے دین کیلئے بے لوث کام کیا ۔نیز انہوں نے پسماندہ اور خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کر نے والوں کی زندگی بہتر بنانے کے لئے بھی اپنی پوری عمر صرف کردی اور ایسے طبقوں کے لوگوں کو سماج میں اونچا مقام دلانے میں اہم رول ادا کیا جو ریاستی عوام کھبی بھی فراموش نہیں کرسکتے ہیں۔ عمر عبداللہ نے میاں الطاف احمد کی دستار بندی بھی کی جبکہ ناصر اسلم وانی نے سپاس نامہ پیش کیا ۔ اُن کے ہمراہ پارٹی لیڈران اعجازجان، عمران نبی ڈار، سید رفیق شاہ، احسان پردیسی اور غلام قادر آخون بھی تھے جبکہ اس سے قبل سینئرپارٹی لیڈران شریف الدین شارق، تنویر صادق، سجاد شفیع اوڑی، سلمان علی ساگر اور دیگر لیڈران کے علاوہ پردیش کانگریس کے صدر غلام احمد میر اور سینئر پی ڈی پی لیڈر عبدالرحمن ویری نے بابا نگری جاکر فاتحہ خوانی کی۔