بانہال // بانہال کے مہومنگت علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مہو سڑک کی مرمت اور اسے قابل آمدورفت بنانے میں پی ایم جی ایس وائی کی عدم دلچسپی کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرے کئے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ تحصیل کھڑی کے آڑمرگ سے مہو تک رابطہ سڑک کی حالت خراب ہے اور اسے جلد از جلد ٹھیک کیا جائے تاکہ مہو منگت کی عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ نماز جمعہ کے بعد مہو اور بجناڑی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مہو سڑک کی ابتر صورتحال کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سردیاں آرہی ہیں لیکن آڑ مرگ سے مہو تک سڑک کی حالت نہایت ہی خراب ہے اور پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے سڑک کو بہتر بنانے کیلئے کوئی کوشش نہیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی بارشوں کے دوران سڑک کئی کئی روز تک بند رہتی ہے اور مہومنگت کے ایک درجن کے قریب گاؤں منقطع ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے سڑک کی جلد از جلد مرمت کرنے پر حکام پر زور دیا ہے ۔