مہور کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ مشین خراب

مہور //مہور کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ مشین خراب نکلی اور رائے دہندگان نے الزام عائد کیاکہ کانگریس والے بٹن کو دبانے پر ان کا ووٹ بی جے پی کو جارہاتھا۔شجرو کے پولنگ بوتھ مال ڈاڈا پر موجود لوگوں نے بتایاکہ دن کے ایک بجے تک سب کچھ ٹھیک چلالیکن اس کے بعد مشین میں خرابی پیدا ہوئی اور ووٹ کسی کو دیتے تو بتی کسی اور امیدوار کے نام کی جلتی ۔مقامی شخص محمد جاوید نے بتایاکہ ایک بجے کے بعد ایک لڑکی ووٹ دینے آئی اور اس نے کانگریس کے امیدوار والا بٹن دبایا لیکن بتی بی جے پی امیدوار کے بٹن سے جلی ۔انہوںنے بتایاکہ اس کے بعد ایک نوجوان لڑکے نے بھی ووٹ دیا اور ایسا ہی منظر دیکھاگیا ۔اس پر مقامی لوگوںنے نعرے بازی شروع کردی اور انہوںنے ووٹنگ مشین خراب ہونے کا الزام عائد کیا ۔ وہ احتجاج کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشن کے اندر پہنچ گئے اور ووٹنگ مشین کو بھی نقصان پہنچایا ۔صورتحال کو دیکھتے ہوئے تحصیلدار مہور اور دیگر افسران متبادل ووٹنگ مشین کے ساتھ موقعہ پر پہنچے اور حالات کو قابو کیا ۔رابطہ کرنے پر تحصیلدار مہور نربھے شرما نے بتایاکہ جب وہ پہنچے تو ووٹنگ مشین کو نقصان پہنچایاگیاتھاتاہم وہ نئی مشین ساتھ لے گئے تھے جس کے ذریعہ دوبارہ سے ووٹنگ شروع ہوگئی ۔انہوںنے مزید بتایاکہ اطلاعات کے مطابق کچھ ووٹ غلط ہوئے اور انہوںنے دونوں مشینوں کو سیل کرکے معاملہ الیکشن حکام کے نوٹس میں لایاجس پر وہ تحقیقات کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ پہلے والی مشین میں خرابی پید اہوئی یا نہیں اس بات کا فیصلہ الیکشن حکام کو ہی کرناہے ۔