سرینگر//5اگست 2019اور کوروناوائرس کے دوہرے لاک ڈائون، حد سے زیادہ مہنگائی، بے روزگاری اور اقتصادی بدحالی نے جموں و کشمیر کے عوام کی زندگی اجیرن بنا ڈالی ہے اور حکومت کی عوام کُش پالیسیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ یہاں کے خواتین کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی ریاستی صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر صوبہ کشمیر کیلئے خواتین ونگ کی ممبر شپ مہم کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ممبر شپ کی افتتاحی تقریب سے پارٹی کے صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، صدرِ ضلع سرینگر پیر آفاق احمد اور خواتین ونگ کی صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقعے پر خواتین ونگ کی ضلع صدور، بلاک صدور اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں۔ شمیمہ فردوس نے کہا کہ دوہرے لاک ڈائون اور اب حد سے زیادہ مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات ، گیس و اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں اور بجلی و پانی کے فیس میں مسلسل ہورہے ہوشربا اضافے کے علاوہ دیگر ٹیکسوں کی بھرمار نے عوام کے رہن سہن کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی عوا م کش پالیسیوں سے کشمیری زبردست مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ خط افلاس کے نیچے زندگی بسر کرنے والوں پر جیسے کوئی قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔اس ساری صورتحال میں خواتین سب سے زیادہ متاثر ہورہی ہیں۔ ایک ماں اپنا پیٹ بھرنے کے بجائے اپنے حصے کا کھانہ بھی اپنے بچوں اور اہل خانہ کو دیتی ہے، اپنے لئے دوائیوں پر ہونے والے خرچے سے بچوں کا سکول فیس ادا کرتی ہیں اور ایسے بھی کنبے ہیں جو بچوں کی سکول فیس بھرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ دوسری جانب 5اگست2019اور کووڈ لاک ڈائون کے دوران گھریلو تشدد کے واقعات میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور خواتین کمیشن کی عدم موجودگی میں یہاں مظلوم خواتین کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی ، انصاف ملنا تو دور کی بات ہے۔ شمیمہ فردوس نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ موجودہ غیر یقینیت کی صورتحال میں ثابت قدم رہے اور پارٹی کے پروگرام اور منشور کو گھر گھر پہنچائے اور بنیادی سطح پر کامیاب ممبر شپ کے ذریعے پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے کام کریں۔
پارٹی ضلع صدر کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی ریاستی صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس اور صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری نے پارٹی کے سینئر رکن اور ضلع صدر سرینگر خالدہ جی کی والدہ نسبتی (اہلیہ مرحوم عبدالرحمن ڈار ساکن حاجی مسجد گائوکدل) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگواران خصوصی مرحومہ کے فرزند محمد اشرف ڈار کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کئے۔