ترال//پلوامہ کے پنگلش علاقے میں اتوار کی شام فوج اور جنگجوئوںکے درمیان مسلح تصادم آرائی کے نتیجے میں جاں بحق عسکریت پسندوں کی نعشوں کی شناخت سے متعلق سوموار کی دوپہر تک غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کے بعد پولیس نے جھڑپ کے دوران مارے گئے دو میں سے ایک جنگجو کی شناخت مکمل کرتے ہوئے نعش کو قانونی لوازمات پوکے بعد لواحقین کے سپرد کردیا جبکہ دوسرے جنگجو کی نعش ہنوز پولیس اسٹیشن ترال کی تحویل میں ہے۔ادھر پولیس نے مارے گئے جنگجوئوںکا تعلق جیش محمد سے بتاتے ہوئے کہا کہ مارے گئے جنگجووں میں سے ایک مقامی جنگجو مدثر احمد خان بھی شامل ہے ۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپ کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی ضبط کیا گیا ہے۔اس دوران مقامی مہلوک جنگجو کی 2بار نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ علاقے میں مکمل ہڑتال رہی۔ اس دوران جھڑپ کی جگہ پر عوامی بھیڑ کی نقل و حمل کو ناممکن بنانے کے لیے پولیس نے ایڈوزائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں کو مقام جھڑپ سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔