مہاجرکشمیری پنڈتوں کے پولنگ سٹیشن سنسان

جموں// جموں میں کشمیری پنڈتوں کیلئے قائم کئے گئے پولنگ مراکز ویران نظر آئے اور جہاں جموں میں صرف 32رائے دہندگان نے ووٹ دیاوہیں اودھمپور میں محض 4لوگ ووٹ دینے آئے۔سب سے زیادہ ووٹ پہلگام حلقہ کیلئے پڑے جن کی تعداد 15 ہے۔ کشمیر میں پہلے مرحلے میں کل 25 ڈی ڈی سی حلقوں میں سے جموں اور اودھم پور اضلاع کے 15 ڈی ڈی سی حلقوں کے لئے کشمیری پنڈتوں کے لئے پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ۔جموں کے وومن کالج گاندھی نگر میںپولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا تھا تاہم یہاں صرف 32 ووٹ پڑے اور صرف 4ووٹ اودھمپور میں ڈالے گئے ، یعنی کل 36 کشمیری پنڈتوں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ریلیف کمشنر ٹی کے بٹ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا’’رفیع آباد حلقہ کیلئے11 ووٹ، پہلگام کے لئے 15، ضلع کولگام کے ڈی ایچ پورہ کے لئے 3 اور خان صاحب ڈی ڈی سی حلقہ کے لئے 3 ووٹ ڈالے گئے ‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ضلع اودھم پور میںکشمیری مہاجر پنڈتوں نے حلقہ رفیع آباد کیلئے 4 ووٹ دیئے ۔کم ووٹرز کی تعداد کے بارے میں پوچھے جانے پر کمشنر نے جواب دیا کہ مقابلہ کرنے والے امیدواروں میں سے کوئی بھی انتخابی مہم کے لئے جموں نہیں آیا تھا اوریہ بھی ایک وجہ ہوسکتی ہے۔اے آر او جموں مائیگرنٹس انشومن سنگھ نے بتایا’’جموں میں تقریباً 4800 ووٹرز میں سے 32 نے اپنا ووٹ ڈالا، ہم نے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچانے کے لئے گاڑیوں کابندوبست کیاتھا لیکن بدقسمتی سے ٹرن آؤٹ کم تھا‘‘۔سنگھ نے کہا’’ہمیں ایک دن میں پولنگ اسٹیشن قائم کرنا تھا‘‘۔پولنگ عملے نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا ’’خانصاحب ڈی ڈی سی حلقہ کے لئے رات ساڑھے 12 بجے تک صرف 3 ووٹ ڈالے گئے ،ٹنگڈھار (کپواڑہ) اورگریز میں کسی نے ووٹ نہیں دیا، اسی طرح ڈی ڈی سی حلقہ کرالپورہ کے لئے بھی کوئی ووٹ نہیں پڑا‘‘۔