حیدر آباد//بابا ئے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدیائش کے ڈیڑھ سو برس پورے ہونے کی خوشی میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے ایما پر پورے ملک کی یونیورسٹیوں میں مختلف رنگا رنگ پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے گاندھی جی کی شخصیت اور کارناموں سے متعلق پورے سال مختلف النوع علمی و ثقافتی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فیروز عالم، کنوینر تقاریب کمیٹی کے بموجب اس کی پہلی کڑی کے طور پر اردو ، ہندی اور انگریزی میں مضمون نویسی کا مقابلہ بعنوان’’جدوجہد آزادی میں ستیہ گرہ کا کردار‘‘ 12؍ مارچ کومنعقد کیا گیا جس میں 120 طلبا و طالبات نے شرکت کی۔مرکز مطالعات اردو ثقافت کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اس پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر محمد اطہر حسین ، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ٔ تعلیم و تربیت تھے جب کہ ڈاکٹر اشونی، اسسٹنٹ پروفیسر، جناب مصباح انظر، اسسٹنٹ پروفیسر ،جناب زبیر احمد پروفیشنل اسسٹنٹ اور جناب حبیب احمد میوزیم کیوریٹر نے بحیثیت رکن پروگرام کو کامیابی سے ہم کنار کیا۔انسٹرکشنل میڈیا سنٹر اور مرکز مطالعات اردو ثقافت کے زیر اشتراک شام 7 بجے رچرڈ اٹینبرا کی ہدایت میں بنی شہرہ آفاق فلم ’’گاندھی‘‘ کی نمائش یونیورسٹی کے اوپن ایئر آڈیٹوریم میں کی گئی۔ اس موقع پر انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے ڈائرکٹر جناب رضوان احمد نے بتایا کہ گاندھی جی کی پوری زندگی جدو جہد ‘صداقت اور عدم تشدد کے اصولوں کی پیروی اور دوسروں کو اس کی ترغیب دینے میں گزری۔ کل ہی شام 12 مارچ 1930کو گاندھی جی نے انگریزی حکومت کے نمک قانون کو ختم کرنے کے لیے ستیہ گرہ کا آغاز کیا تھا ۔اس تاریخی دن کی مناسبت سے یونیورسٹی میں مہاتما گاندھی : 150ویں یوم ولادت تقاریب کا آغاز کیا جارہا ہے۔’’گاندھی‘‘ فلم کے بارے میں ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ یہ فلم 1982میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس میں مشہور اداکار بین کنگسلے نے گاندھی کا کردار موثر انداز میںادا کیاہے۔ یہ فلم ایک بہترین دستاویز ہے جو طلبا کو گاندھی جی کی زندگی کے تما م اہم واقعات کے ساتھ ساتھ اس دور کے بین الاقوامی سیاسی حالات سے بھی صرف تین گھنٹے میں واقف کراتی ہے ۔جناب رضوان احمد نے بتایا کہ یونیورسٹی میں گاندھی جی کی زندگی اور افکار سے متعلق مزید فلمیں دکھائی جائیں گی۔اس سلسلے میںعنقریب فلم ’’میکنگ آف مہاتما‘‘ کی نمائش ہوگی۔فلم اسکریننگ میں میڈیا سنٹر کے پروڈیوسر جناب عامر بدر،تکنیکی معاون جناب شیخ منظوراور جناب ستیش کمار گپتا کے علاوہ سی یو سی ایس کے ارکان نے تعاون کیا۔