ڈوڈہ //مہاتما گاندھی کے جنم دن کے سلسلہ میں ڈوڈہ ضلع میں کئی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں سرکاری، سیاسی و سماجی شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 'سوچھ بھارت ابھیان' کے نعرہ کو دہرایا۔ضلع کی سب سے بڑی تقریب ڈپٹی کمشنر وکاس شرما کی موجودگی میں گندوہ میں منعقد ہوئی جس میں ضلع، سب ڈویڑنل و تحصیل سطح کے آفیسران، ملازمین، پنچائتی اراکین، ڈی ڈی سی و بی ڈی سی چیئرپرسنوں و علاقہ کے معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر بولتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے مہاتما گاندھی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انتظامیہ و لوگوں سے صحت و صفائی پر دھیان دینے کی اپیل کی۔انہوں نے اس سلسلے میں موجود سبھی اراکین کو حلف دلایا۔وہیں ضلع صدر مقام ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،عسر و دیگر مقامات پر بھی تقریبات کا انعقاد کرکے اس اہم دن پر صفائی و ستھرائی پر حلف لیا اور 'سوچھ بھارت ابھیان' مہم کو کامیاب بنانے پر زور دیا گیا۔